Syria Claims USA Fired More Missiles

امریکا کی جانب سے شام پر مزید میزائل حملے

دمشق/واشنگٹن : شام میں سرکاری ٹی وی نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے حمص صوبے کی فضاؤں میں آنے والے میزائلوں کو مار گرایا۔ ادھر امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے حمص میں کسی بھی امریکی عسکری کارروائی کی تردید کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سرکاری ٹی وی اور بشار حکومت کے دیگر ذرائع ابلاغ نے کہاکہ مذکورہ میزائلوں کے ذریعے الشعیرات کے فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ حملہ کس نے کیا۔ یہ وہ ہی اڈّہ ہے جس پر گزشتہ برس امریکا نے 49 کے قریب میزائل داغے تھے۔ یہ امریکی کارروائی اِدلب کے قصبے خان شیخون میں کیمیائی حملے کے جواب میں سامنے آئی تھی۔شامی حکومت کے مقرب میڈیا کے مطابق حالیہ کارروائی میں 6 میزائل حمص کے نواح میں الشعیرات ہوائی اڈے پر گرے جب کہ 3 دیگر میزائل نے دمشق کے نواح میں الضمیر ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ حمص کے مشرقی نواح اور القلمون کے مشرقی نواح میں عینی شاہدین نے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔شام میں ایرانی فورسز ہتھیاروں کی وصولی اور ان کی ملک کے دیگر علاقوں میں منتقلی کے لیے الشعیرات کے ہوائی اڈے پر انحصار کرتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp