سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا فیصلہ نیک شگون مگر خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ہی قبائلی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے ،سکندر شیرپائو

پشاور : قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ،صوبہ اور پختونوں کے وسائل پر اختیاراور حقوق کا حصول ،خطے میں امن کا پائیدار قیام اور پختونوں کی معاشی خوشحالی کیلئے قومی وطن پارٹی اپناموثر کردار ادا کرتی رہے گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جا ئے گا ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں نے ملک کی خاطر بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کو ان قربانیوں کا صلہ نہیں دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا فیصلہ نیک شگون ہے مگر فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ہی قبائلی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے جس میں مزید تاخیر اور لیت و لل سے قبائلی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور ان کی محرومیاں بڑھیں گی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو ضلع چارسدہ میں یونین کونسل زیم ہوارے کے پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لہٰذا فاٹا کو 2018کے عام انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا میں شامل کرکے اسمبلیوں میں نمائندگی دینے سمیت قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرکے ان کو ان کی بے تحاشا قربانیوں کا صلہ دیا جائے ۔سکندر شیرپائو نے صوبہ میں جاری بجلی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیااو اس کے خاتمے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ناقص اوربغیر سوچے سمجھے منصوبوںکی بدولت خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی اور پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جو دراصل عوام کی خدمت نہیں بلکہ الیکشن کمپین ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی اورصوبہ کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے قرضوں کے بوجھ تلے ڈبو دیا جس سے عوام کے مسائل میں خصوصاً اضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ عوام ان آزمائش شدہ لوگوں کو پھر نہیں آزمائیں گے کیونکہ ان کے جھوٹے وعدے ان کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔قومی وطن پارٹی آنے والے انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور صوبہ کے وسائل کے تحفظ کو یقینی بناکر عوام کی معاشی خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp