سندھ میں پہلی بار زرعی پالیسی کا نفاذ ایک سنگ میل ہے ، سہیل انور خان سیال

, منظور کردہ زرعی پالیسی میں سندھ کی تمام ترخصوصیات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا ہے،سید ناصر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس

کراچی : صوبائی وزیر برائے زراعت سہیل انور خان سیال نے پہلی دفعہ صوبے میں زرعی پالیسی کے قیام کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے ۔سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرزراعت سندھ سہیل انور خان سیال کا کہنا تھا کہ صوبے کے کاشتکار و تاجر/کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر زرعی پالیسی متعارف کروائی جارہی ہے اور اس اہم فیصلے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ منظور کردہ زرعی پالیسی میں سندھ کی تمام ترخصوصیات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا ہے۔ اس پالیسی کی ترجیحات میں زرعی ترقی کی شرح میں چار سے پانچ فیصد اضافہ کی کاوشیں۔باوقار روزگار باالخصوص نوجوان مردوں کی مارکیٹ تک رسائی۔غربت میں کمی خوراک اور غذائی قلت وغیر محفوظی کو ختم کرنا۔سندھ میں زراعت کے لئے اہم قدرتی وسائل کے استعمال کو مزید پائیدار بنانا۔
لچکدار اور موسمیاتی اسمارٹ زراعت کی تشکیل وغیرہ قابل ذکر ہیں۔سہیل انور سیال نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے تینتیس ہزار پانچ سو ٹریکٹر اور دیگر زرعی مشینری آبادگاروں کو انتہائی سستے داموں فراہم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کے پیش نظر پانی کی تقسیم پر توجہ دی جارہی ہے جس کے تحت واٹرکورسز بھی بنائے جا رہے ہیں۔جبکہ تھراوراچھروتھر میں زرعی کاشتکاری کے لئے بھی سندھ حکومت نے اہم امور انجام دیئے ہیں۔
صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت اپنے صوبے کی عوام و کاشتکار برادری کے لئے وفاقی سطح پر عدم تعاون کی پالیسی کے باوجود عوامی خدمت کے سلسلوں کو ہر گزرتے دن کے ساتھ وسعت دے رہی ہے اور تمام رکاوٹوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حکومت سندھ خدمات کے اس مشن کو جاری رکھے گی۔سید ناصر حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لئے ایثاروقربانی کا جذبہ پاکستان پیپلزپارٹی کی برسوں پرانی روایت ہے اور سندھ میں متعارف کردہ زرعی پالیسی پورے ملک کے لئے ایک مثال ثابت ہوگی۔اس موقع پر صوبے کی نمائندہ کاشتکار و کاروبار ی برادری کے افراد نے حکومت سندھ کے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی مکمل تائید و بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp