کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ماری پور بلوچ نے اسلم الیون کو شکست دے دی

کراچی ۔ : کورنگی بلوچ فٹ بال اسٹیڈیم شرافی گوٹھ پر گیسٹ فارما کے اشتراک سے جاری آٹھواں آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں 5 میچز کے فیصلے ہوگئے جس کے مطابق ماری پور بلوچ نے مدمقابل اسلم الیون کو 4-0کے اسکور پر ڈھیر کردیا فاتح کلب کی جانب سے شاکر نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت ہیٹ ٹرک کے ساتھ 3 گول اور کامران نے ایک گول اسکور کیا۔
دوسرے میچ میں نیشنل فائٹر کالا پل نے اپنے بہترین اور دلکش کھیل کی بدولت ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم بلوچ مجاہد کو 3-1سے شکست دے دی نیشنل فائٹر کی جانب سے سجاد نے 2جبکہ طاہر قاری نے ایک گول کیا جبکہ بلوچ مجاہد کا واحد گول عمر بخش نے کیا۔ٹورنامنٹ کا ایک اور میچ سرحد اسپورٹس لانڈھی اور چنیسر محمڈن کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور شاندارکھیل کی بدولت سرحد اسپورٹس لانڈھی نے چنیسر محمڈن کو 3-1سے زیر کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا فاتح کلب کے حنیف، اول شیر اور فصیح نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ چنیسر محمڈن کا واحد گول ان کے فارورڈ نوید نے کیا۔
کورنگی بلوچ فٹبال اسٹیڈیم شرافی گوٹھ پر جاری ٹورنامنٹ میں مقامی کلب شرافی محمڈن نے شاندار کھیل کی بدولت مضبوط حریف تنظیم اسپورٹس سے مقابلے میں اسے 4-1کے بڑے مارجن سے شکست دی جس کی جانب سے شاہنواز نے دو، عباس اور شبیر نے ایک ایک گول اسکور کیئے جبکہ تنظیم اسپورٹس کا واحد گول ارشد نے کیا۔ ٹورنامنٹ کا ایک اور میچ بلوچ یوتھ اور چنیسر بلوچ کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے انتہائی دفاعی کھیل پیش کیا جس کی بدولت کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت تک کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور میچ کے اختتام پر اس کا فیصلہ پنالٹی ککس کی بنیاد پر کیا گیا جس میں بلوچ یوتھ نے 3-2سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ٹورنامنٹ کے میچز میں ریفریز کے فرائض عبدالطیف بلوچ، عبدالغفور، طلحہٰ اور احمد لعل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل محمد کامریڈ تھے۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp