رابعہ لاڈلی تھی،پیرکواسکول میں داخلہ ہونا تھا، والدہ رابعہ

کسی سے دشمنی نہیں، دوماہ پہلےہی اس گھرمیں آباد ہوئے ہیں، منگھوپیرمیں6سالہ مقتولہ بچی کی والدہ کی میڈیا سے گفتگو

کراچی : : کراچی کے علاقے منگھو پیرمیں6 سالہ مقتولہ رابعہ کی والدہ نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سے دشمنی نہیں،دوماہ پہلے ہی اس گھر میں آباد ہوئے، رابعہ لاڈلی تھی،پیرکواسکول میں داخلہ ہونا تھا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم دوماہ پہلے ہی اس گھرمیں آباد ہوئے تھے۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں، ہے۔ ہمیں انصاف دیا جائے۔ رابعہ کی والدہ نے مزید کہا کہ رابعہ6 بچوں میں سب سےلاڈلی تھی اور اپنے والد کی چہیتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ رابعہ کا پیرکو اسکول میں داخلہ ہونا تھا۔ دوسری جانب پولیس کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں رابعہ کے ساتھ زیادتی ثابت ہوگئی ہے۔ زیادتی کے بعد رابعہ کوگلے میں پھندا ڈال کرقتل کیا گیا۔ مقتولہ کے جسم کے مختلف حصوں میں زخموں کے نشانات بھی پائے گئے۔ معصوم بچی کے قتل کیخلاف ورثاء نے لاش سڑک پررکھ کراحتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین پرپولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرے میں فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا۔ پولیس تشدد میں متعدد افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ آئی جی سندھ نے منگھوپیرمظاہرےمیں فائرنگ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ جبکہ ڈی آئی جی ایڈمن کراچی رینج عاصم قائم خانی تحقیقاتی افسر مقرر کردیا ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp