جسٹس(ر)جاوید اقبال کے انکشاف کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں‘میاں مقصوداحمد

, پرویزمشرف اور آصف علی زرداری کوبھی اپنے کیے کاحساب دینا چاہئے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

لاہور : صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر)جاوید اقبال کے اس بیان پر کہ’’مشرف دور میں 4ہزار پاکستانی ڈالروں کے عوض دوسرے ملکوں کے حوالے کیے گئے‘‘پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جسٹس(ر)جاوید اقبال کے انکشاف کے بعد ہمارے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔
سابق ڈکٹیٹرجنرل پرویزمشرف قومی مجرم ہیں انہیں پاکستان واپس لاکرعدالت کے کٹہرے میں کھڑاکرناچاہئے۔احتساب سب کا اور بلاامتیازہوناچاہئے۔شریف فیملی اس وقت مکافات عمل کا شکار ہے۔پانامالیکس میں شامل دیگر 436پاکستانیوں،دبئی لیکس اور لندن لیکس میں موجود کرپٹ عناصر کابھی کڑااحتساب ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ جب تک کرپٹ مافیا کا احتساب نہیں ہوگا اُس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکے گی۔
جنرل پرویزمشرف اور آصف علی زرداری کوبھی اپنے کیے کاحساب دینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی منتخب وزیر اعظم کو کرپشن کے جرم میں نااہل کیا گیا ہے۔اب یہ سلسلہ یہاں نہیں رکنا چاہئے بلکہ احتساب سب کابلاتفریق ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کے جرائم کی لسٹ خاصی طویل ہے،انہوں نے امریکی ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی وخودمختاری کاسوداکیا۔
سابق ڈکٹیٹرنے اپنی کتاب میں بھی اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ہزاروں پاکستانیوں کو امریکہ اور دوسرے ملکوں کے حوالے کیا۔اس وقت وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپائو تھے۔پارلیمنٹ کو یہ پوچھنا چاہئے کہ آخر قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی سمیت ہزاروں پاکستانیوں کو کس قانون کے تحت غیر ملکیوںکے حوالے کیا گیا ۔انہو ں نے کہاکہ جنرل پرویزمشرف نی2بار آئین کو توڑا اور ان پر غداری کامقدمہ درج ہے۔انہیں قانون وانصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے پاکستان میں لاکر احتسابی عمل سے گزارنا چاہئے وگرنہ احتساب ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکومت ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو بھی امریکی جیل سے چھڑاکر جلد پاکستان واپس لائے اور دیگر لاپتہ پاکستانیوں کا معاملہ بھی حل کیا جائے۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp