آئین ہمیں کسی ادارے کے بارے میں غلط بیانی کی اجازت نہیں دیتا،شبلی فراز

نواز شریف ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں،احمد اویس , عدالتوں کا احترام ہم سب پر لازم لیکن فیصلے کے خلاف لوگوں کو جا کر بتانا بھی حق ہے ، جاوید عباسی

لاہور : سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اویس احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت پس پشت چلی جائے جبکہ شبلی فرا ز نے کہاکہ آئین ہمیں کسی ادارے کے بارے میں غلط بیانی کی اجازت نہیں دیتا، مسلم لیگ (ن)کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے لیکن اگر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ آتا ہے تو یہ اس کا حق ہے کہ لوگوں کو جا کر بتائے کہ اس کے خلاف فیصلہ کیا گیا۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر نشر کرنے پر عبوری پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اویس احمد نے کہا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان جانتا ہے کہ انہوں نے کتنی کرپشن کی ہے اور وہ بچ نہیں سکتے۔اویس احمد نے کہا کہ آپ عدلیہ یا ججز کو اسکینڈلائز نہیں کرسکتے جو نواز شریف اور ان کے حواری کر رہے ہیں، عدلیہ کو چاہیے کے معاشرے میں اپنے وقار کو قائم رکھے کیوں کہ ایسا نہ ہو کہ لوگوں کی نظر میں عدلیہ کی ساکھ خراب ہو جائے، اس لیے اس حوالے سے حدود مقرر کرنا بھی عدلیہ کا کام ہے۔
اس موضوع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ جب بھی ہم کسی ادارے، عدالت یا جج کے بارے میں بات کریں تو ہمیں ناپ تول کر بات کرنا چاہیے کیوں کہ تقریر کا مقصد انتشار پھیلانا ہو یا کسی ادارے کے بارے میں غلط بیانی کرنا ہو تو اس کی اجازت آئین بھی نہیں دیتا۔اس دوران مسلم لیگ (ن)کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے اور ہم اس بات سے بھی واقف ہیں کہ آئین میں اس کی اجازت نہیں لیکن اگر میرے خلاف کوئی فیصلہ آتا ہے تو میرا یہ حق ہے کہ میں لوگوں کو جا کر یہ بتاوں کہ میرے خلاف فیصلہ کیا گیا۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp