لاہور میں ہمسائے کی 5 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش

روبائشہ کے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب اور اعلی عدلیہ سے واقعے کا نوٹس لینے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا

لاہور : گھر کے باہر کھیلنے والی پانچ سالہ بچی سے اوباش ہمسائے نے زیادتی کی کوشش کی اور لوگوں کے پہنچنے پر بھاگ نکلا،روبائشہ کے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب اور اعلی عدلیہ سے واقعے کا نوٹس لینے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ تھانہ باٹا پور کے علاقے بھٹے پنڈ میں گذشتہ روز پیش آیا۔ پانچ سالہ معصوم روبائشہ بھائی کے ہمراہ گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اوباش ہمسایہ عمیر الیاس روبائشہ کو کھینچ کر اپنی حویلی میں لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی تاہم اہل خانہ کے پہنچنے پر بدبخت ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔واقعے کے بعد ملزم کے اہل خانہ نے روبائشہ کے رشتہ داروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس کے بعد مظلوم ہونے کے باوجود معصوم روبائشہ کے اہل خانہ چھپ کر رہنے پر مجبور ہیں۔روبائشہ کے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب اور اعلی عدلیہ سے واقعے کا نوٹس لینے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018

Share On Whatsapp