آئندہ انتخابات میں کامیابی ملی تو کراچی کو لاہور جیسا ترقی یافتہ شہر بنائوں گا،محمد نواز شریف کی قیادت میں کراچی اور سندھ کی تقدیر بدل دیں گے

, ْوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ورکرز کنونشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن سے خطاب

کراچی ۔ : کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی ملی تو کراچی کو لاہور جیسا ترقی یافتہ شہر بنائوں گا، سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو آزمالیا اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو موقع دے کر دیکھیں، محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم کراچی اور سندھ کی تقدیر بدل دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور صوبائی وزیر پنجاب رانا مشہود، سینیٹر سلیم ضیاء، سینیٹر مشاہد اللہ، سینیٹر مشاہد حسین سید، مرزا اشتیاق بیگ، عبدالحمید بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے پہلی بار کراچی آیا ہوں اور جلد پورے سندھ کا دورہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں تمام قومیتیں آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 سالوں میں کراچی کا امن و امان خراب کیا گیا، آج شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم انتہائی خراب ہے یہاں ایک گرین لائن منصوبہ نہیں بلکہ درجنوں ایسے منصوبے ہونے چاہئے تھے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مختلف ادوار میں کراچی سے اربوں روپے لوٹے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 15 سالوں میں لاڑکانہ کے لئے اربوں روپے کا بجٹ رکھا مگر لاڑکانہ آج بھی تباہ حال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج بھی بھٹو شہید کے شہر اور سندھ کے ہاریوں کا برا حال ہے۔ انہوں نے ہوش محمد شیدی کا انگریز راج کے خلاف مشہور نعرہ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ ہے کہ ’’مرسوں مرسوں کام نہ کر سوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ہے جس سے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سی پیک کے تحت تھر کے کوئلے سے بجلی کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن نے کراچی کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کا سہرا محمد نواز شریف، پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی رہی اور سندھ کے عوام نے موقع دیا تو 6 ماہ میں کراچی شہر کو کچرے سے پاک کر دیں گے، سیکڑوں فلائی اوور اور میٹرو ٹرین کے منصوبے شروع کرنے کے علاوہ سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری لا کر ٹینکر مافیا کا خاتمہ کریں گے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا دورہ سندھ کی ترقی کے لئے ہے، سندھ کو کھویا ہوا مقام اور حق واپس دلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت کراچی میں ووٹوں کی طاقت سے تمام تر سازشوں کو ناکام بنائیں گے، سندھ کے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 اپریل 2018

Share On Whatsapp