پاکستان نے یک بار پھر اپنی سیکنڈ سٹرائیک صلاحیت کی دھاک بٹھا دی، کروز میزائل بابر کے نئے ورژن کا کامیاب تجربہ

آسلام آباد : پاکستان نے ہفتہ کو ایک بار پھر اپنی سیکنڈ سٹرائیک صلاحیت کی دھاک بٹھا دی، کروز میزائل بابر کے نئے ورژن کا کامیاب تجربہ کر کے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے کروز میزائل بابر کے نئے ورڑن کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بابر ویپن سسٹم ون کو پہلے سے بہتر ایرو ڈائنامکس اور ایوی اونکس سے لیس کیا گیا ہے جس کی بدولت وہ 700 کلومیٹر کے فاصلے تک سمندر اور زمین پر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
کروز میزائل بابر کم بلندی پر سطح کیساتھ اڑنے، کئی اقسام کے وارہیڈز لے جانے اور سٹیلتھ صلاحیت سے لیس ہے۔ٹیرین کائونٹر میچنگ ، ڈیجیٹل سین میچنگ اور ایریا کو ریلیشن جیسی خصوصیات کا حامل کروز میزائل جی پی ایس نیوی گیشن کے نہ ہوتے ہوئے بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ جدید کروز میزائل بابر پاکستان کی سٹرٹیجک ڈیٹرنس کی صلاحیت میں کئی گنا اضافے کا باعث بنا ہے۔ کروز میزائیل بابر کا تجربہ ڈی جی سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، چئیرمین نیسکام، سینئیر سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر اعلی حکام نے دیکھا۔ صدر مملکت، وزیراعظم اورچئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجنئیرز کو مبارکباد دی ہے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 اپریل 2018

Share On Whatsapp