جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ،حافظ نعیم الرحمن

, کے الیکٹرک کے خلاف جدو جہد میں تاجر ہمارا ساتھ دیں ،تاجرا تحاد وفد سے گفتگو

کراچی : تاجر اتحاد کراچی کے نمائندہ وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی ۔وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو کراچی کے تاجران کو درپیش مشکلات اور کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور فراڈ بلنگ سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بجلی کی بے وقت بندش نے کاروباری سر گرمیوں کو ٹھپ کر دیا ہے ،کام کے اوقات میں بجلی کے نہ ہو نے سے کارو باری سر گرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا ،فراڈ بلنگ سے پیداواری لاگت میں اضافے سے نفع نہ ہو نے کے برابر ہو گیا ہے ۔
جس سے کاروباری طبقہ تباہی سے دوچار ہے ۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے اپیل کی کہ وہ تاجران کی آواز بن کر ان کو ظلم سے نجات دلائیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کراچی کو تباہ کر نے کی سازش کا مقابلہ کریں گے ۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف پہلے سے ہی تحریک شروع کر رکھی ہے ۔تاجر برادری ہماری جدوجہد میں شامل ہو جائے تو اس سے بھی دبائو بڑھے گا ۔وفد میں تاجر اتحاد کراچی کے صدر رمضان اعوان ،جنرل سیکریٹری شاہد علی خان ،نائب صدور سجاد خان ،حاجی طور خان ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد نعمان بشیر ،نوید اسلام اور سیکریٹری نشرو اشاعت ابو بکر اعوان شامل تھے ۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 اپریل 2018

Share On Whatsapp