پی ٹی آئی نوجوانوں کی پارٹی ہے، یہ کسی بھی قیمت پر اپنے باصلاحیت جوانوں کی برین ڈرین نہیں ہونے دیگی،پرویزخٹک

, خیبرپختونخوا حکومت نے نوجوانوں کی علمی، فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن میں پہلی یوتھ پالیسی کا اجراء ، فنی ، تعلیمی ، تفریحی اور کھیلوں کی سہولت میں بے پناہ اضافہ، خود روزگار سکیموں کا فروغ اور دیگر کئی مراعات شامل ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخواپرویزخٹک

پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نوجوانوں کی پارٹی ہے اور یہ کسی بھی قیمت پر اپنے باصلاحیت جوانوں کی برین ڈرین نہیں ہونے دی گی ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے نوجوانوں کی علمی، فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن میں پہلی یوتھ پالیسی کا اجراء ، فنی ، تعلیمی ، تفریحی اور کھیلوں کی سہولت میں بے پناہ اضافہ، خود روزگار سکیموں کا فروغ اور دیگر کئی مراعات شامل ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا نوجوان بیرون ملک محنت مزدوری اور اعلیٰ تعلیم کے باوجود نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے اپنے علاقوں میں رہ کر قومی خوشحالی کیلئے کام کرے اور دوسروں کوبھی ملازمتیں دے ہمارے نوجوان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ۔
پاک فوج کے تعاون سے امن قائم ہو چکا ہے اور اب نوجوانوں کی باری ہے کہ وہ قومی ترقی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں دوسری نیشنل یوتھ سمٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ملک بھر سے یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ اور طالبات پر مشتمل یوتھ سمٹ کا یہ وفد آج کل خیبرپختونخوا کے سیاحتی دورے پر ہے۔
تقریب سے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور یوتھ سمٹ کا انعقاد کرنے والے ادارے سی ایس آر پی کے چیف ایگزیکٹیو نسیم اچکزئی نے بھی خطاب کیاجنہوںنے صوبے میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے اور تباہ حال اداروں کو واپس اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات پر صوبائی حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے اقدامات کو سراہا جبکہ وزیراعلیٰ نے حکومتی اقدامات کے حوالے سے نوجوانوں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
پرویز خٹک نے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کے روایتی سیاستدانوں اور حکمرانوں نے نوجوان نسل کو ہمیشہ نظر انداز کیا ، ان پر سرمایہ کار ی کو اپنی توہین سمجھا جس کی وجہ سے معاشی زبوں حالی، بیروزگاری ، غربت و افلاس میں اضافے کے علاوہ معاشرے میں قومی سطح پر منفی رجحانات کو فروغ ملا۔ اُنہوںنے کہا کہ ایسے رجحانات اور رویوں کی وجہ سے ریاستیں کمزور اور قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں مگر عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا نوجوان اب مثبت سوچ کے ساتھ تعمیر و تخلیق کا نیا سفر شروع کردیا ہے جس کی تعبیر نئے پاکستان کی شکل میں سامنے آرہی ہے اُنہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک سے کرپشن مافیا کے خاتمے اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنانے میں پی ٹی آئی کا بھر پور ساتھ دیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 اپریل 2018

Share On Whatsapp