Woman Walks Out Of Museum Holding A Rock

میوزیم سے چوری ہونے والے عام سے پتھر کی مالیت اصل میں 16 لاکھ سے زیادہ نکلی

کینیڈا میں پولیس ایک ایسی ادھیڑ عمر خاتون کو تلاش کر رہی ہے جس نے ٹورنٹو کے گارڈنر میوزیم سے ایک پتھر چوری کر لیا ہے۔یہ پتھر دراصل ایک انٹریکٹیو نمائش کا حصہ ہے ۔اس نمائش میں  معروف فنکار یوکو اونو کی طرف سے دریا کنارے سے جمع کیے گئے پتھر بھی  رکھے گئے ہیں۔ان پتھروں پر مختلف نقش ونگار اور تحریریں بھی درج ہیں۔
ٹورنٹو پولیس میڈیا آفیسر گیری لانگ کا کہنا تھا کہ "یہ مکمل طور پر ایک انٹریکٹیو نمائش تھی جس میں ڈھیروں پتھر زمین پر بکھرے ہوئے تھے جن پر لوگ چل سکتے تھے یہاں تک کہ انہیں اٹھا بھی سکتے تھے"۔

ادھیڑ عمر خاتون جو پتھر اٹھا کر چلی گئی اس پر "Love Yourself" کے الفاظ کندہ تھے اور اس پتھر کی مالیت اندازاً 17,500 ڈالر یا 16 لاکھ روپے بیان کی جا رہی ہے۔ آخر اس معمولی سے پتھر میں ایسی کیا خاص بات تھی جو یہ اتنا قیمتی قرار پایا تو وجہ یہ ہے کہ اس پتھر پر کندہ الفاظ مرحوم بیٹلز سٹار جون لینن کی بیوہ یوکو اونو نے خود لکھے تھے۔
12 مارچ کو ہونے والی اس چوری کے بعد دو روز پہلے ٹورنٹو پولیس نے میوزیم کے سی سی ٹی وی کیمرے کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں  اس خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے  اس پتھر کی ابتدائی قیمت  کا اندازہ 5,000 ڈالر کے طور پر لگایا تھا۔ چوری کرنے والی خاتون کی عمر 55 سے 60 سال کے درمیان ہے جس نے سرخ اسکارف اور سیاہ کوٹ پہنا ہوا تھا۔ پولیس نے  عوام سے اس سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات کی فراہمی کے لیے درخواست کی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل فروری میں ایک شخص نے فلاڈیلفیا میں فرینکلن انسٹیٹیوٹ کے ڈسپلے پر رکھے 2,000 سالہ پرانے مجسمے کا انگوٹھا چرا لیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 13 اپریل 2018

Share On Whatsapp