
دلہنوں نے شادی کےدن شادی کے لباس میں ہی امتحان دیا۔ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
شادی کرنا اور یونیورسٹی کا امتحان دینا دونوں مواقع ہی کسی حد تک پریشان کر دیتے ہیں۔ اگر یہ دونوں مواقع ایک ہی دن ہوں تو پریشانی کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔
دو طالبات دوکاس اٹسی اور ڈیبورا اوٹاہ اس وقت کافی پریشان ہوئیں جب انہیں معلوم ہوا کہ اُن کے امتحان کی تاریخ بدل کر وہی ہو گئی ہے، جس دن اُن کی شادی ہے۔ دونوں عورتیں نائیجریا کی ایک یونیورسٹی میں ماس کمیونی کیشن کی طالبات ہیں۔
دونوں نے مقررہ تاریخ کو صبح کے وقت شادی کی ، دوپہر کو امتحان دیا اور شام کو اپنے استقبالیے میں شریک ہونے پہنچ گئیں۔
دونوں دلہنوں کی تصاویر، جن میں وہ شادی کے جوڑے میں امتحان دے رہی ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ہیں۔ صارفین اُن کی تعلیم سے محبت پر اُن کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔
ڈیبورا نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ جب انہیں شادی اور امتحان ایک ہی دن ہونے کے بارے میں معلوم ہوا تو انہیں بالکل خوشی نہیں ہوئی۔ لیکن اس کے بعد سب بدل گیا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اسی دن شادی بھی کریں گے اور امتحان بھی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تو کافی خوشی کا موقع تھا کہ زندگی کے دو اہم سرٹیفیکیٹس ایک ہی دن ملے ہیں۔ دونوں طالبات جب کمرہ امتحان میں داخل ہوئیں تو اُن کی ساتھی طالبات نے بھی اُن کے ساتھ خوب تصاویر بنائی۔
تاریخ اشاعت : بدھ 11 اپریل 2018
