Now, UAE Driving Licence Accepted In Over 50 Countries

50 سے زائد ممالک میں متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول

دبئی : اگر آپ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہیں اور بیرون ملکی سیروتفریح کے لیے جانا چاہتے ہیں تو جان لیجئے کہ گاڑی کرائے پر لینا اب سے مزید آسان ہو گیا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس اب سے 50 سے زائد ممالک میں قبول کیا جائے گا۔ امارتی وزارتِ خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت (MoFAIC) کے مطابق ایسے ممالک جہاں متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس قبول کیا جاتا ہے انکی فہرست میں 50 مزید ممالک شامل ہو گئے ہیں۔
جسکا مطلب ہے کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس سعودی عرب، بحرین، کویت، عمان، الجزائر، شام، لبنان، یمن، سومالیا، سوڈان، ماریطانیہ، جبوتی، کوموروس، تیونس، عراق، فلسطین، سپین، فرانس، امریکہ، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، ڈنمارک ، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈز، سلوواکیا، آئرلینڈ، آسٹریا، یونان، سویڈن، چین، پولینڈ، کینیڈا، ترکی، ناروے، لیٹویا، نیوزی لینڈ، سربیا، جنوبی افریقہ، فِن لینڈ، ہنگری، لیگزمبرگ، لیتھوینیا اورسنگاپورمیں بھی قبول کیا جائے گا۔
پہلے سے اس فہرست میں شامل ممالک جو کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس قبول کرتے تھے میں آسٹریا، سلوواکیا، لیگزمبرگ، چین، فِن لینڈ، رومانیہ، ڈنمارک اور سربیہ شامل تھے۔ تاہم وزارت نے ڈرائیوروں کو تاکید کی ہے کہ بین الاقوامی ڈرائیور لائسنس کے لئے درخواست جمع کروائیں تاکہ باقی کے ممالک کی شرائط پر پورا اتر سکیں۔ اب سے متحدہ عرب امارات میں رہنے والے کچھ رہائشیوں کو سخت ڈرائیونگ ٹیسٹ سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ اپنے ملک کی طرف سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کو آسانی سے متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرا سکتے ہیں. ان ممالک کی فہرست میں برطانیہ، امریکہ، فرانس، جاپان، جرمنی، اٹلی، بیلجیم، نِیدرلینڈز، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک، یونان، اسپین، سویڈن، آسٹریا، آئر لینڈ، ناروے، ترکی، کینیڈا، پولینڈ، جنوبی کوریا، فِن لینڈ، جنوبی افریقہ، اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
ان ممالک کے رہائشیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی تبدیلی کےعمل سے گزرنے کے لیے چند ضروری دستاویزات تیار کرنا ہوں گی جن میں آجر کا جاری کیا گیا رہائشی خط، عربی میں ترجمہ شدہ غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس اور ایک پاسپورٹ سائز تصویر شامل ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 4 اپریل 2018

Share On Whatsapp