معروف قوال غلام فرید صابری کی 24ویں برسی پرسوں منائی جائے گی

لاہور : معروف قوال غلام فرید صابری کی 24ویں برسی پرسوں (جمعرات) کو منائی جائے گی ۔غلام فرید صابری 1930ء میں مشرقی پنجاب کے گائوں روہتک میں پیدا ہوئے۔ 1946ء میں غلام فرید صابری نے پہلی مرتبہ مبارک شاہ کے عرس پر ہزاروں لوگوں کے سامنے قوالی گائی، ان کے انداز قوالی کو بہت پسند کیا گیا۔ قیام پاکستان کے بعد غلام فرید صابری کا خاندان ہجرت کرکے کراچی میں آباد ہوگیا۔
ان کا پہلا البم 1958ء میں ریلیز ہوا، جس کی قوالی ’’میرا کوئی نہیں تیرے سوا ‘‘نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ غلام فرید صابری چھوٹے بھائی مقبول صابری کے ساتھ مل کرقوالی گایا کرتے تھے۔ 70اور 80کی دہائی ان قوال بھائیوں کے عروج کا سنہری دور تھا۔ا ن کی متعدد قوالیوں کو فلموں میں بھی استعمال کیا گیا۔ غلام فرید صابری صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہوئے ۔
صابری بردارن کی جوڑی نے کئی شہرہ آفاق قوالیاں پیش کیں ۔ فن قوالی کا یہ بڑا نام غلام فرید صابری 5اپریل 1994ء کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ غلام فرید صابری کی وفات کے بعد ان کے فن قوالی کو ان کے صاحبزادے امجد صابری نے جاری رکھا اور بعد میں امجد صابری کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ۔

تاریخ اشاعت : منگل 3 اپریل 2018

Share On Whatsapp