پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کی کل 53ویں سالگرہ منائی جارہی ہے

کراچی : بر صغیر پاک و ہند میں پاپ موسیقی کو نئی جہت دینے والی خوبصورت گلوگارہ نازیہ حسن کے پرستار کل منگل کو ان کی 53ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ صدارتی ایوارڈ یافتہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ نازیہ حسن کو برصغیر میں پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی اصل شہرت 80 کی دہائی میں پندرہ برس کی عمر میں بھارتی فلم قربانی کے گیت ’’ آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے‘‘ سے شروع ہوئی ۔
نازیہ حسن کی شخصیت اپنے اندر اتنی دلکشی سمیٹے ہوئے تھی کہ ان کے ہر گیت اور ہر ادا نے لوگوں کو اپنی گرفت میں لے لیا، نازیہ کا پہلا البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ 1982ء میں ریلیز ہوا۔ جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔نازیہ حسن کی صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس کے علاوہ فلم فیئر، پلاٹینیم، ڈبل پلاٹینیم اور گولڈن ڈسکس ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔نازیہ حسن 13 اگست 2000ء کو لندن کے ایک اسپتال میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو کر صرف 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

تاریخ اشاعت : پیر 2 اپریل 2018

Share On Whatsapp