پاکستانی موسیقاروں کو ’’بلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول‘‘ میں شرکت کی دعوت، میوزک فیسٹیول 23 مارچ سے شروع ہو کر پانچ ہفتے جاری رہے گا، دنیا کے 40 ممالک کے 700 سے زائد موسیقاروں کی شرکت متوقع

شنزن۔ : چین کے ثقافتی اور تجارتی مرکز شہر شنزن کی انتظامیہ نے پاکستان کے بہترین موسیقاروں کو ’’بلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول‘‘ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔دوسرا عالمی بلٹ اینڈ روڈ میوزک فیسٹیول23 مارچ سے 29 اپریل کے دوران شنزن کے مختلف تھیٹرز میں جاری رہے گا ۔شنزن کی شہری انتظامیہ کے انفارمیشن ڈائریکٹر ہان وانگ شی نے ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس میوزک فیسٹول میں پاکستان کے نامور موسیقار دنیا بھر سے آنے والے دوسرے موسیقاروں کے ساتھ پرفام کریں۔
موسیقی کا یہ میلہ پہلی مرتبہ گذشتہ سال چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شنزن میں منعقد کیا گیا اور اس سال اس میلے میں دنیا کے 40ممالک کے 700 سے زائد نامور موسیقاروں کی شرکت متوقع ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ میلہ پانچ ہفتے جاری رہے گا اور گزشتہ سال کی نسبت اس سال اس میں بے انتہاء جدت لائی گئی ہے تاکہ عالمی معیارات سے مقابل کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ چین کی خواہش تھی کہ اس میلے میں پاکستان کے نامور موسیقار بھی شریک ہوں اور اس کے لئے ہم نے پاکستانی حکومت سے باقاعدہ درخواست کی کہ وہ بھی اپنے ملک کے نامور موسیقاروں کے نام ہمیں فراہم کریں ۔
انہوںنے مزیدکہا کہ ہم 2020 تک شنزن کو ایک گلوبل سٹی بنانے کا اپنا ہدف حاصل کر لیں گے اور2035 تک یہ شہر گلوبل کلچرل سٹی میں تبدیل ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ شہری انتطامیہ شنزن کو ثقافتی موسیقی کا عالمی مرکز بنانے کے لئے رواں سال میں 31 بڑی ثقافتی تقریبات جن میں ورلڈ کلاس ڈیزائن اور فیشن شو، میوزک فیسٹیول،اور چینی ثقافت کی نمائش منعقد کروائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری انتظامیہ شہر میں ورلڈ کلاس ڈیزائن کالج ،ڈیزائن میوزیم، اوپیرا ہائوس اور آرٹس کالج بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔ گذشتہ سال موسیقی کے میلے کا تھیم ’’کنکٹ چائنا اینڈ دی ورلڈ‘‘تھا جس کو شہری انتظامیہ نے چائنیز میوزک ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کیا تھا۔یہ میلہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے کلچر اور میوزک سیکٹر کاآئینہ دار ہے۔
امسال میلہ 23مارچ سے 29اپریل تک شہر کے مختلف تھیٹرز میں جاری رہے گا اور ان کے ٹکٹوں کے ریٹ دوسرے عالمی میوزک کنسرٹس کے مقابلے انتہائی مناسب رکھے گئے ہیں۔اس موقع پر میوزک سیمینارز اور ماسٹرز کلاسز بھی ہوں گی جن کے انعقاد کا مقصد ایک اچھی ثقافتی فضا میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شامل ممالک کے درمیان تعاون اور ترقی کا رابطہ تشکیل دینا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 29 مارچ 2018

Share On Whatsapp