وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت ملک بھر کے 31 لاکھ خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کی گئیں، سائرہ افضل تارڑ

اسلام آباد ۔ : وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران صحت کے شعبے میں بے مثال اصلاحات اور اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے لئے عالمی اتحاد سے حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کے پروگرام کو بہتر بنانے کے لئے جامع اصلاحات کا آغاز کرنے پر پاکستان کو ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی فنڈ اور گاوی سے پاکستان کے لئے تعاون عالمی اقتصادی فورم کی بدولت حاصل ہوا ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے 31 لاکھ خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور اب ملک خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والی پوری آبادی کو یہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد نگراں بورڈ اور فنی مشاورتی گروپ جیسے بڑے نگران اداروں نے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وسائل پیدا کرنے، شعبہ صحت کو منظم بنانے اور صوبوں کے ساتھ روابط کے لئے بڑے اقدامات کئے جن کا مقصد مشترکہ اہداف کا حصول اور معیاری خدمات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فنڈ کے نئے فنڈنگ ماڈل کے تحت پاکستان کے 48 متاثرہ ضلعوں میں ملیریا کی ویکسین کیلئے 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حاصل کئے ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 27 مارچ 2018

Share On Whatsapp