پنجابی زبان نہ آنے کے باعث پنجابی فلموں میں کام کرنے سے معذرت کی ‘ فضاء علی

ْریشم اور صباء قمر کی اداکاری نے متاثر کیا ،بالی ووڈ میں دپیکا پڈوکون کے فن سے متاثر ہوں

لاہور : اداکارہ فضاء علی نے کہا ہے کہ مجھے اداکارہ ریشم اور صباء قمر کی اداکاری نے متاثر کیا ہے جبکہ بالی ووڈ میں دپیکا پڈوکون کے فن سے متاثر ہوں ،میں نے بطور گلوکارہ ایک گانا ریکارڈ کرایا تھا اور خواہش تھی کہ اس کی ویڈیو بنا کر ریلیز کرتی مگر میری یہ خواہش ابھی ادھوری ہے۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاست سے دلچسپی تو دور کی بات ہے سیاست کے نام سے ہی نفرت ہو چکی ہے ۔
خواہش ہے کہ بادشاہ اور ملکہ کا دور واپس آجائے اور باادب ہوشیار جیسے فقرے سننے کو ملیں اور لوگوں کی نگاہیں بھی نیچی رہیں ۔ انہوں نے شوبز میں اپنی آمد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے ہدایتکار جاوید فاضل ( مرحوم )نے اپنی ڈرامہ سیریل ’’مہندی والے ہاتھ ‘‘ سے متعارف کروایا تھا جس کے باعث میری شناخت پورے پاکستان میں ہو گئی اور اس وقت سے لیکر آج تک مسلسل ٹی وی سکرین کا حصہ ہوں ۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مجھے پنجابی فلموں میں ہدایتکار سید نور اور دیگر ہدایتکاروں نے کام کرنے کی پیشکش کی تھی مگر مجھے پنجابی زبان نہیں آتی اور اسی لیے میں نے فلموں میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی۔مستقبل میں اگر مجھے کوئی اچھا پروجیکٹ ملا تو ضرور سوچوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی اداکاروں میں صباء قمر اور ریشم کی اداکاری اچھی لگتی ہے اس کے علاوہ دیگر اداکارائیں بھی اچھا کام کررہی ہیں جبکہ بالی ووڈ میں دپیکا پڈوکون نے مجھے اپنے فن سے متاثر کیا ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 26 مارچ 2018

Share On Whatsapp