Salman Khan Assures Assistance For Fellow Actor

سلمان خان جان لیوا بیماری کی شکار اداکارہ کے لیے ڈھارس بن گئے

سلمان خان نے موزی مرض میں مبتلا ساتھی اداکارہ کے علاج و معالجے کی ذمہ داری لے لی , پوجا کی بیماری کا جان کر بہت افسوس ہوا، میری ٹیم اداکارہ کی ہر ممکن مدد کے لیے روانہ ہو چکی ہے‘سلمان خان

ممبئی : بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ پوجا ڈیڈ وال کو جان لیوا بیماری سے بچانے کے لیے مالی امداد کا اعلان کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔سلمان خان اپنے دبنگ اسٹائل اور مضبوط بدن کے باعث شائقین فلم کے پسندیدہ ہیرو ہیں لیکن کسرتی جسم رکھنے والے سلمان خان ایک نرم اور حساس دل بھی رکھتے ہیں جس کا مظاہرہ وہ گاہے بہ گاہے اپنے ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی مالی مدد کرکے کرتے رہتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ وہ فلم بینوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں میں مقبولیت رکھتے ہیں۔
حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں بالی ووڈ اسٹار نے 1995 میں ویر گیتی فلم کی کاسٹ میں شامل اداکارہ پوجا ڈیڈ وال کے علاج و معالجے میں مدد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پوجا کی بیماری کا جان کر مجھے بہت افسوس ہوا، میری ٹیم اداکارہ کی ہر ممکن مدد کے لیے روانہ ہو چکی ہے جو پوجا کا مکمل علاج کرائے گی اور اس کے علاوہ بھی مجھ سے جو ہو سکا میں کروں گا۔
امید ہے وہ صحت یاب ہو جائیں گی۔پوجا ٹی بی جیسے موزی مرض میں مبتلا ہیں اور ممبئی کے سرکاری اسپتال میں گزشتہ 15 دن سے زیر علاج ہیں جہاں پوجا کے شوہر اور بھائی انہیں بے یار و مدد گار چھوڑ گئے تھے۔ پوجا نے علاج کے لیے بیرون ملک مقیم اپنے رشتہ داروں سے بھی مدد کی درخواست کی تھی لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں جس کے بعد انہوں نے سلمان خان کے لیے ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا تھا۔

تاریخ اشاعت : پیر 26 مارچ 2018

Share On Whatsapp