23مارچ :عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کی جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی

, ریلی شاہدرہ سے شروع ہو کر مینار پاکستان پر اختتام پذیر ہوئی،سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کی شرکت

لاہور : پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے زیر اہتمام 23مارچ کے موقع پر جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی ،ریلی کا آغاز شاہدرہ موڑ سے ہوا ،مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مینار پاکستان پر اختتام پذیر ہوئی۔جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی کی قیادت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے کی۔
ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار سبز ہلالی و پارٹی پرچم لہراتے ہوئے جیوے جیوے پاکستان،پاکستان زندہ باد،قائد اعظم ؒزندہ باد،علامہ اقبال ؒ زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ 23مارچ ایک اہم تایخ ساز دن ہے۔23مارچ کا دن ماضی کی کوتاہیوں کی اصلاح کرنے اور حال کو درست کرنے کا درس دیتا ہے،مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کیلئے،ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ،ملکی سلامتی و استحکام کی خاطر ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنے کا درس دیتا ہے ۔
عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ہر نوجوان ملک کے تقدس اور تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ لسانیت،تعصب،دہشتگردی اور فرقہ واریت کے عذاب سے نجات کیلئے جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے جو ان کرپٹ،قاتل اور بزدل حکمرانوں کے پاس نہیں ہے۔ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جسکی جرات اور ویثرن ملکی سلامتی و تحفظ کی ضمانت دیتا ہو۔
شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے کہا کہ قرارداد پاکستان کی بنا پر ہم نے جو ملک حاصل کیا وہ ابھی تک نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ہمہ گیر ترقی حاصل نہیں کر سکا۔صنعتی،تعلیمی،زرعی ڈھانچے تو تعمیر کر لئے،عدلیہ،مقننہ اور انتظامیہ کے ملک گیر ادارے بھی قائم کر لئے لیکن عوام کو بے انصافی،غربت،بے روزگاری اور جہالت سے نجات نہیں دلا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ فرسودہ نظام اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے،یہی قرارداد مقاصد اور یوم پاکستان کی صحیح روح ہے۔ریلی سے عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری شفاقت مغل، عمر اعوان ،شیخ عتیق،ہارون ثانی،شعیب احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 23 مارچ 2018

Share On Whatsapp