یوم پاکستان ،کرکٹرز اور شوبز اسٹارز سمیت دیگر سلیبرٹیز کا وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار

لاہور : یوم پاکستان کے موقع پر کرکٹرز اور شوبز اسٹارز سمیت دیگر سلیبرٹیز نے اپنے اپنے طریقے سے وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ۔سوشل میڈیا پر یوم پاکستان کے سلسلے میں شوبز ستاروں اور قومی کھلاڑیوں کی جانب سے پیغامات اور مبارک باد کے پیغامات جاری کیے گئے ۔سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور لکھا کہ میری زندگی میں میرا سب سے بڑا کردار اس ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی کہ میں بطور سفیر اس ملک کی ہی نہیں بلکہ اپنے لوگوں کی بھی خدمت کروں۔وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔کرکٹر رومان رئیس نے ملی نغمے 'ہمارا پرچم، یہ پیارا پرچم،یہ پرچموں میں عظیم پرچم کے بول پوسٹ کرکے یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔
سعید اجمل نے بھی ’’پیارے پاکستان ‘‘کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔فاسٹ بولر عمر اکمل نے یوم پاکستان پر سبز ہلالی پرچم اور سبز دل کے ایموجی سے مزین پیغام پوسٹ کیا۔مشہور اداکار فیصل قریشی نے بھی ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘کا پیغام دیا۔اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کر کے سب کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 23 مارچ 2018

Share On Whatsapp