وسیم اکرم نے پی ایس ایل تھری کے بہترین بیٹسمین اور بولرز کے نام بتادیے

, حسین طلعت پی ایس ایل تھری کے بہترین بلے باز، محمد سمیع اور راحت علی بہترین بولرز کے طور پر سامنے آئے ہیں،سابق کپتان کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے،حسین طلعت پی ایس ایل تھری کے بہترین بیٹسمین جبکہ محمد سمیع اور راحت علی بہترین بولرز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ غیر ملکی کوچز سے نوجوان لڑکوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل میں بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن حسین طلعت کے سوا کوئی اچھا بیٹسمین نظر نہیں آیا۔وسیم اکرم نے کہا کہ حسین طلعت کے کھیلنے کا انداز اور فٹنس دیکھنے کے بعد پی ایس ایل تھری کے بہترین بیٹنگ ٹیلنٹ کیلئے میرا انتخاب حسین طلعت ہے۔حسین طلعت نے پی ایس ایل کے 11 میچز میں 38.80 کی اوسط سے 194 رنز بناچکے ہیں۔
بولرز کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ محمد سمیع اور راحت علی کی پرفامنس متاثر کن رہی، راحت اچھا بولر ہے جبکہ سمیع کی فٹنس بہت اچھی ہے۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں راحت علی اور محمد سمیع نے اپنی بولنگ سے بہت متاثر کیا، سمیع کی عمر زیادہ لیکن جس طرح وہ بولنگ کررہے ہیں انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ ’’ملتان کے خلاف میچ میں شاہین کا ایک اسپیل کافی اچھا تھا، اس میں ٹیلنٹ موجود ہے‘‘۔
وسیم اکرم نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو غیر ملکی کوچز کے ساتھ کام کرایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی کوچز بھی اچھے ہیں لیکن غیر ملکی کوچز کا طریقہ کافی مختلف ہوتا ہے۔خیال رہے کہ شاہین آفریدی لاہور قلندرز، حسین طلعت اور محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں جو پی ایس ایل تھری کے فائنل تک پہنچ چکی ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 20 مارچ 2018

Share On Whatsapp