بین الاقوامی کرکٹ کے کئی صفِ اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضامندی کا اظہار کردیا

لاہور۔20 مارچ : پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے دو پلے آٖف میچز اور کراچی میں ہونے والے فائنل کے لئے جو غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے ان میں سے چند لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ دوسرے پلے آف اور فائنل میں شرکت کے لئے جو کھلاڑی آئیں گے ان تمام کے نام سامنے آئے ہیںچند بین الاقوامی کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور اور کراچی میں پلے آف مرحلے میں شرکت سے انکار کے باوجود بین الاقوامی کرکٹ کے کئی صفِ اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔
دبئی میں پی ایس ایل کوالیفائر میں فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی اور اس میچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے کراچی میں کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کردیا۔دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے جو بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آئے ہیں ان میں ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر، لیام ڈاسن، کرس جورڈن، تمیم اقبال اور رکی ویسلز شامل ہیں خیال رہے کہ پشاور زلمی کو جارح مزاج کھلاڑی ڈیوین اسمتھ کی خدمات حاصل نہیں ہوگی جنہوں نے خاندانی وجوہات کے سبب پاکستان آنے سے انکار کیا۔
اس کے برعکس گزشتہ دونوں ایونٹس کا فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جہاں شین واٹسن، بین لافلن اور کیون پیٹرسن پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں جس سے گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں پیش قدمی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کے متبادل کے طور پر بنگلہ دیش کے محموداللہ اور سری لنکا کے تھسارا پریرا کو ٹیم میں شامل کرلیا جبکہ ان کے ساتھ ساتھ رائلی روسو، کرس گرین اور ٹام کوہلر لیڈمور بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
اسی طرح کراچی کنگز کو ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم سے لاہور میں ہی فائنل تک رسائی کے لیے ایلیمنیٹر 2 میں مقابلہ کرنا ہے، جہاں اسے لینڈل سمنز، جو ڈینلے، کولن انگرام، ٹائمل ملز، روی بھوپارا اور ڈیوڈ ویزے کی خدمات حاصل ہوں گی جبکہ ایون مورگن نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔پی ایس ایل کی فائنلسٹ اسلام آبادیونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، تاہم سمت پٹیل، اسٹیون فن، لیوک رونچی، جین پال ڈومینی، سیمیول بدری، چیڈوک والٹن شامل ہیں۔پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیئے گئے ہیں ۔

تاریخ اشاعت : منگل 20 مارچ 2018

Share On Whatsapp