Trump All Set To Cancel Iran Nuclear Deal

امریکی صدر 12 مئی کو ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں، سینیٹر باب کروکر

نیویارک ۔ : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو ماہ کے اندر ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں۔ یہ بات امریکی حکمران جماعت ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب کروکر نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کے پروگرام’’ فیس دی نیشن‘‘ میں اظہار خیال کے دورن کہی۔انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے اس معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر کے خدشات ملٹی لیٹرل فریم ورک کے تحت دور کرنے کی صورت میں ہی امریکی صدر اس معاہدے میں شامل رہنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں جو بظاہر ممکن دکھائی نہیںدیتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اس حوالے سے فیصلہ 12مئی تک کریں گے۔باب کروکر نے کہا کہ امریکا کے یورپی اتحادیوں کی طرف سے امریکی صدر کے اس جوہری معاہدے بارے خدشات دور کرنے کے لئے ایک فریم ورک پر متفق ہونے کی صورت میں ہی امریکا اس معاہدے کا حصہ رہ سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آغاز سے ہی اس معاہدے کے خلاف ہیں اور وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران اس معاہدے سے علیحدگی کا وعدہ بھی کرچکے ہیں۔
پروگرام کے دورن باب کروکر سے پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ 12 مئی کو ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر ایسا ہی کریں گے کیونکہ اس عرصہ میں اس معاہدے کے حوالے سے صورتحال میں کسی نمایاں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ دریں اثناء ایران نے امریکا کو ایسے کسی بھی غلط اقدام سے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ممکنہ امریکی اقدام کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 19 مارچ 2018

Share On Whatsapp