Assistant Of Ex Iranian President Arrested

ایرانی عدلیہ کا احمدی نژاد کے گرد گھیرا تنگ ، سابق صدر کا نائب گرفتار

مشائی کی گرفتاری کا انکشاف جنرل پراسیکیوٹر کے دفتر نے نے کیا،عائد کیے گئے الزامات نہیں بتائے گئے

تہران : ایران میں حکام نے سابق صدر محمود احمدی نڑاد کے نائب اسفند یار رحیم مشائی کو گرفتار کر لیا ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشائی کی گرفتاری کا انکشاف تہران میں استغاثہ کے جنرل پراسیکیوٹر کے دفتر کی ویب سائٹ نے کیا۔ تاہم ویب سائٹ نے مشائی پر عائد الزامات کا ذکر نہیں کیا۔دوسری جانب سابق صدر محمود احمدی نژاد نے اپنی ایک مقرب ویب سائٹ پر جاری بیان میں عدلیہ کو مشائی کی سلامتی کا ذمّے دار ٹھہراتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
نژاد کے مطابق ان کے نائب کی گرفتار آئینی خلاف ورزی ہے۔ سابق صدر نے ایک بار پھر عدلیہ پر بدعنوانی، قانون کی خلاف ورزی اور ناقدین کی آواز کچلنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے اپنائے جانے والے یہ حربے اس امر کا ثبوت ہیں کہ عدلیہ کو بنیادی نوعیت کی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ احمدی نڑاد نے اپنے معاون حمید بقائی کو مالی اور انتظامی بدعنوانی کے الزام میں جیل میں ڈالے جانے کے بعد ایرانی عدلیہ کے نظام کو کرپشن کی جڑقرار دیا تھا۔

تاریخ اشاعت : پیر 19 مارچ 2018

Share On Whatsapp