Saudi Arabia Allowed Foreigners To Enter Saudi Universities

غیر ملکیوں کو سعودی یونیورسٹیز میں داخلوں کی اجازت کے حوالے سے اہم اعلان کردیا گیا

جدہ   :   سعودی عرب کی 2یونیورسٹیوں نے غیر ملکیوں کو داخلے کی مشروط اجازت دیدی۔ داخلوں کا آغاز آج سے کیا جارہا ہے۔ عکاظ اخبار کے مطابق الجوف یونیورسٹی کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں مقیم غیر ملکی رجب کی 14تاریخ تک داخلوں کیلئے رجوع کرسکتے ہیں۔ الجوف یونیورسٹی کی جن فیکلٹیز میں غیر ملکیوں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے ان میں آرٹس کے مضامین شامل ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہناہے کہ مملکت میں مقیم ایسے تارکین جن کے بچوں نے سعودی عرب کے کالجز سے تعلیم حاصل کی ہے وہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے رجوع کرکے اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ دوسری جانب نجران یونیورسٹی نے داخلوں کی آخری تاریخ 29 شعبان مقرر کی ہے۔ نجران یونیورسٹی کی جانب سے جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے داخلے کیلئے بنیادی شرط انٹرمیڈیٹ میں 90 فیصد نمبروں کا حصول ہے جبکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں 80 فیصد نمبر رکھنے والے بھی اس کیٹیگری میں شامل ہیں۔
نجران یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدوار داخلے سے قبل فیکلٹی کا تعین کریگا جس میں داخلے کے بعد تبدیلی نہیں ہوگی۔ نجران یونیورسٹی میں میڈیکل کے علاوہ تمام شعبوں میں غیر ملکی داخلہ لے سکتے ہیں۔ یونیورسٹی کی شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدوار کو انٹرمیڈیٹ کئے ہوئے 5برس کا عرصہ نہ گزرا ہو تاہم ترجیح نئے فارغ التحصیل کو دی جائیگی۔
امیدوار کی عمر کے بارے میں یونیورسٹی انتظامیہ کا کہناہے کہ عمر کی حد 17سے 25 کے درمیان ہونی چاہئے۔ اسے مملکت میں کسی تعلیمی ادارے سے خارج نہ کیا گیاہو اور نہ ہی کسی تعلیمی ادارے کی جانب سے وظیفہ جاری کیا گیا ہو۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے امیدوارو ںسے کہا ہے کہ داخلے کے خواہشمند انٹرمیڈیٹ کی تصدیق شدہ اسناد (دیگر زبان میں ہونے کی صورت میں ترجمہ اور تصدیق کے ساتھ)،کیریکٹر سرٹیفکیٹ، اقامے کی فوٹو کاپی کے علاوہ پاسپورٹ سائز تصویر اور پاسپورٹ کی تصدیق شدہ کاپی کے ہمراہ یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ سے رجوع کرسکتے ہیں۔
طالبات کیلئے ریجن میں محرم ہونے کی شرط لازمی ہے۔ سعودی یونیورسٹی میں داخلے کی بنیادی شرط عربی پڑھنے، لکھنے میں مہارت ہونی چاہئے۔ امیدوار کو انٹرویو کے مرحلے سے گزرنا ہوگا ۔ داخلے کو حتمی شکل دی جائیگی۔

تاریخ اشاعت : پیر 19 مارچ 2018

Share On Whatsapp