امریکی پاپ سٹار میڈونا بیلٹ ڈانسر کی زندگی پر فلم بنائیں گی

میڈونا کی کی بطور ہدایت کار پہلی فلم’ ’فلتھ اینڈ وزڈم‘‘ 2008 دوسری فلم ’’ ڈبلیو ای‘‘ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی

نیویارک : معروف امریکی پاپ اسٹار میڈونا جلد کے مرض سے جنگ لڑ کر بیلٹ ڈانسر بننے اور پھر کم عمر ترین ڈانسر کا اعزاز حاصل کرنے والی افریقی لڑکی کی زندگی پر فلم بنائیں گی۔56 سالہ میڈونا 23 سالہ افریقی نژاد امریکی بیلٹ ڈانسر مشیل ڈی پرنس کی زندگی پر ان کی لکھی گئی کتاب سے ماخوذ فلم بنائیں گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی میڈونا 2 فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں، ان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ’فلتھ اینڈ وزڈم‘ 2008 جب کہ دوسری فلم ’ ڈبلیو ای‘ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔
اب وہ ’ٹیکنگ فلائٹ: فرام وار آرپھن ٹو اسٹار بیلیرینا‘ کے نام سے فلم بنائیں گی۔یہ فلم افریقی بیلٹ ڈانسر مشیل ڈی پرنس کی اسی نام سے 2014 میں شائع ہونے والی بائیوگرافی کتاب سے متاثر ہوکر بنائی جا رہی ہے۔فلم میں مشیل ڈی پرنس کی زندگی، جدوجہد، ان کے ساتھ پیش آنے والے مسائل اور ان کی اب تک کی کامیابیوں کو دکھایا جائے گا۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق میڈونا نے مشیل ڈی پرنس کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکی کی جدوجہد نہ صرف ایک آرٹسٹ بلکہ ایک سماجی کارکن کی کوششوں کو بھی دنیا کے سامنے لاتی ہے۔
فلم کا اسکرپٹ کمیلا بلیکٹ لکھیں گی، جب کہ اسے ایم جی ایم اسٹوڈیو کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ میڈونا نے افریقی لڑکی کی زندگی پر اس لیے فلم بنانے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ وہ اس سے قبل 2008 میں افریقی ملک ملاوی کے یتیم بچوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کے معاملے پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری ’آئی ایم بکاز وی آر‘ کو بھی پروڈیوس کر چکی ہیں۔میڈونا نے ملاوی کے یتیم بچوں پر بننے والی ڈاکیومینٹری کو اس لیے پروڈیوس کیا، کیوں کہ گلوکارہ نے اسی ملک کے 4 یتیم بچوں کو گود لے رکھا ہے۔اب میڈونا جس بیلٹ ڈانسر امریکی نژاد افریقی یتیم لڑکی مشیل ڈی پرنس پر فلم بنانے جا رہی ہیں، ان کا تعلق افریقی ملک سیر الیون سے ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 15 مارچ 2018

Share On Whatsapp