نوازشریف نے آئندہ الیکشن کیلئے اپنے پارٹی منشور کا اعلان کردیا

ہمارے منشورکے4 الفاظ ”ووٹ کوعزت دو“ ہیں، جومشن چن لیا ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، کروڑوں عوام کوگواہ بناکرکہتا ہوں کہ مجھے کوئی ذاتی لالچ نہیں،عوام وعدہ کریں آئندہ الیکشن کوریفرنڈم بنا دینا۔ قائد مسلم لیگ ن کاجنرل کونسل اجلاس سے خطاب

اسلام آباد : : مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف نے آئندہ الیکشن 2018ء کیلئے منشور کااعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور کے 4الفاظ ”ووٹ کوعزت دو“ ہیں،جومشن چن لیا ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، کروڑوں عوام کوگواہ بنا کرکہتا ہوں کہ مجھے کوئی ذاتی لالچ نہیں ،عوام وعدہ کریں آئندہ الیکشن کو ریفرنڈم بنا دینا ۔انہوں نے آج اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ شاہد خاقان سے کہا جومیرے ساتھ ہوا اس کے بعد جانے کودل نہیں کرتا۔
انہوں نے کہاکہ ووٹ کوعزت دوہی ہمارا منشور ہے۔ یہی ہمارے منشور کے الفاظ ہوں گے۔عوام کوحق حکمرانی کوعزت دی جائے۔ جومشن چن لیا ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی لگوایا۔جیسے 70سال گزر گئے ایسے اگلے سال نہیں گزرنے چاہئیں۔ کروڑوں عوام کوگواہ بناکرکہتاہوں کہ مجھے کوئی ذاتی لالچ نہیں ہے۔قسم کھا کرکہتاہوں کہ مجھے اپنی ذات کیلئے کوئی لالچ نہیں۔
میں اب صرف جوبھی کرنا چاہتاہوں وہ پاکستان کیلئے کرنا چاہتاہوں۔عوام وعدہ کریں کہ آئندہ الیکشن 2018ء کو ریفرنڈم بنا دینا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ میں آج اپنے کیے کی سزا نہیں بھگت رہا۔مجھ پرجومقدمے ہیں اس میں نیب کے چکرکاٹتا ہوں۔مجھے کوئی بتائے کہ نوازشریف تم نے فلاں جگہ پرکرپشن کی ہے۔عوام میری گواہی دیتے ہیں؟ قوم کے بچوں ،ووٹ کی عزت، پاکستان کی عزت کی بات کرتاہوں میں پاکستان کوآگے بڑھتے اور ترقی کرتے دیکھنا چاہتاہوں ۔
میرا کوئی ایجنڈا نہیں ہے میرا ایجنڈا پاکستان ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بجلی آرہی ہے۔سی پیک بن رہاہے۔بے روزگاری ختم ہورہی تھی۔جب میں تھا تولوگ خوشھال ہورہے تھے، پاکستان میں میٹروبس ،اورنج لائن ترین بن رہی تھی،موٹرویز بن رہے تھے۔مجھے اسی بات کی سزا دی جارہی ہے کہ پاکستان کیوں ترقی کررہا ہے۔لیکن مجھے اس کی پروا نہیں مجھے اپنی جان کی بھی پروا نہیں مجھے پرواصرف اپنی قوم کی پروا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کل ملک میں جوتماشا لگا عوام نے دیکھاہے؟ ”تیری بارگاہ میں گئے توسبھی ایک ہوئے“ بڑی اصول کی باتیں کرتے ہیں کہ ہم کمپرومائز کی سیاست نہیں بلکہ دیانتداری کی سیاست کریں گے۔کل قوم نے دیکھا کہ ایک ہی بارگاہ میں جھک گئے۔بنی گالا اور بلاول ہاؤس والے بھی کوئٹہ میں جاکر جھک گئے۔ایک ہی جگہ سجدہ کردیا۔ کون ہے وہ؟ اس کی کیاحیثیت ہے؟ کیا قد کاٹھ ہے؟ کیاخدمات ہیں اس کی پاکستان کیلئے؟ یہ چابی والے کھلونے ہیں؟ اس طرح کے لیڈرہوتے ہیں؟ جوایک ہی جگہ جاکرسجدہ ریز ہوجائیں؟ یہ پاکستان کیلئے شرمندگی ہے؟ نواز شریف نے کہا کہ تم جیت کربھی ہار گئے ہم ہارکربھی جیت گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کعبے کس منہ سے جاؤ گے غالب شرم تم کومگر نہیں آتی؟ ہم پاکستانی قوم کواپنے مفاد اور ذات کیلئے بیچنے والے لوگ نہیں ہیں۔ہم پاکستان کیلئے مرجانے والے لوگ ہیں۔ہم اللہ کی بارگاہ کے سوا کسی انسان کے آگے نہیں جھکیں گے۔ہم پاکستان کا مستقبل بنائیں گے ۔

تاریخ اشاعت : منگل 13 مارچ 2018

Share On Whatsapp